پاکستانی صنعتکار حسین داؤد کا ’وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ‘ میں ایک ارب روپے دینے کا اعلان

01:25 PM, 2 Apr, 2020

نیا دور
پاکستان کے ممتاز صنعتکار اور اینگرو کارپوریشن کے سربراہ حسین داؤد نے اپنے خاندان اور داؤد فاونڈیشن کی جانب سے وزیراعظم کے کرونا ریلیف فنڈ میں ایک ارب روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں حسین داؤد کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے سدباب کے لیے حکومت اور مختلف اداروں کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ حسین داؤد نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ ملک کے اہم مسائل کے حل کے لیے کوشش کرتے رہے ہیں اور جب قوم مشکل میں ہو تو بنیادی اخلاقی اقدار کے مطابق ایسا کرنا اور ضروری ہو جاتا ہے۔



خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ دنوں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کرونا ریلیف فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں ہر شخص وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ میں عطیہ دے، یہ ریلیف فنڈ لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے استعمال ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلیف فنڈ کہاں استعمال ہو رہا ہے اس کی مکمل تفصیل قوم کو بتائی جائے گی جبکہ آپ اس میں جو پیسہ ڈالیں گے اس کے بارے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 2300 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 33 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
مزیدخبریں