پی ٹی آئی مالی مشکلات کا شکار: میڈیا ونگ کے 30 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا

03:30 PM, 2 Jun, 2020

نیا دور
پی ٹی آئی فنڈز کی کمی کا شکار، مالی مشکلات میں اضافے کی وجہ سے حُکمران جماعت نے اپنے سینٹرل سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ سے 30 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔

ایک طرف حکمران جماعت عالمی وبا کے پیش نظر مالی مشکلات کا شکار اداروں کو ہدایت کر رہی ہے کہ اپنے ملازمین کو نوکری سے نہ نکالیں تو دوسری جانب خود اپنے سینٹرل سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ سے 30 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ نوکری سے نکالے جانے والے ملازمین میں میڈیا کوآرڈینیٹر رضوان بھی شامل ہیں۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ نوکری سے نکالے جانے والے ملازمین پُرامید ہیں کہ جب عمران خان تک بات پہنچ گئی تو شاید انہیں نوکری واپس مل جائے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور جہانگیر ترین کے جانے سے پارٹی کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی میڈیا ونگ کے ملازمین کو نوکری سے نکالے جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ جو لوگ دن رات پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا دفاع کرتے تھے انہیں ہی بیروزگار کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا میڈیا ونگ ملکی سیاست میں کافی سرگرم ہے اور اس نے ملک کے نوجوانوں کو یہ بتانے میں اہم کردار ادا کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے سے ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا۔
مزیدخبریں