ایک طرف حکمران جماعت عالمی وبا کے پیش نظر مالی مشکلات کا شکار اداروں کو ہدایت کر رہی ہے کہ اپنے ملازمین کو نوکری سے نہ نکالیں تو دوسری جانب خود اپنے سینٹرل سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ سے 30 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔ نوکری سے نکالے جانے والے ملازمین میں میڈیا کوآرڈینیٹر رضوان بھی شامل ہیں۔
اب تک کی سب سے دلچسپ خبر: فنڈز کی عدم دستیابی پر حُکمران جماعت تحریک انصاف نے اپنے سینٹرل سیکریٹریٹ کے میڈیا ونگ سے 30 ملازمین فارغ کردئیے۔ #PTI #Pakistan
— Asad Ali Toor (@AsadAToor) June 2, 2020
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوکری سے نکالے جانے والے ملازمین پُرامید ہیں کہ جب عمران خان تک بات پہنچ گئی تو شاید انہیں نوکری واپس مل جائے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اور جہانگیر ترین کے جانے سے پارٹی کی مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے پی ٹی آئی میڈیا ونگ کے ملازمین کو نوکری سے نکالے جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ جو لوگ دن رات پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا دفاع کرتے تھے انہیں ہی بیروزگار کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا میڈیا ونگ ملکی سیاست میں کافی سرگرم ہے اور اس نے ملک کے نوجوانوں کو یہ بتانے میں اہم کردار ادا کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے سے ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ ہو جائے گا۔