پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم رہنما پلوشہ خان کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زیرِگردش بیان تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ پلوشہ خان نے اپنے ویڈیو بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے حکومتی عہدیداران اور رہنماؤں کو انتہائی نامناسب انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ویڈیو میں رہنما پیپلز پارٹی پلوشہ خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وفاقی حکومت نے آج درجن بھر پاگل کتے سندھ پر چھوڑ دیے ہیں، ویسے تو پاگل کتوں کے تدارک کے لیے ہمارے پاس وافر مقدار میں زہر کی گولیاں ہیں، لیکن میں ان کے مالکان کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ پاگل کتے کسی وقت بھی پلٹ کر اپنے ہی مالک کو بھی کاٹ لیتے ہیں۔ لہٰذا اس وقت کا خیال رکھیے جب یہی کتے پلٹ کر آپ کے دامن کو بھنبھور دیں۔
پیپلزپارٹی کی رہنما کے اس بیان کی سوشل میڈیا پر مذمت کی جا رہی ہے اور ان کی جانب سے نامناسب الفاظ کے چناؤ پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے جبکہ سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔ حالیہ کچھ عرصے میں وفاق اور سندھ حکومت کے تعلقات کافی خراب ہوئے ہیں اور دونوں جانب سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔