’لاکھوں لوگوں کے روزگار کرونا نہیں، معاشی پالیسیوں کی وجہ سے گئے، مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں‘

04:26 PM, 3 Jun, 2020

نیا دور
لاہور: پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بدھ کی شام وزیر اعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگوں کی ملازمتیں آپ کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے گئیں، اور اب آپ عالمی وبا کے پیچھے چھپ کر ٹسوے بہا رہے ہیں؟

ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج کے دن پاکستان روس کے بعد ان ممالک میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کی وجہ ابتدا میں وزیر اعظم عمران خان کی تفتان بارڈر صورتحال کو غلط طریقے سے مینیج کرنے کی وجہ سے ہوئی اور اس کے بعد ان کی گومگو کی پالیسی حالات کو خراب کرتی چلی گئی۔



شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد کے بے روزگار حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے چھنے اور اب عمران خان عالمی وبا کے پیچھے چھپ رہے ہیں اور مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ 22 کروڑ پاکستانیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

واضح رہے کہ worldometers.info نامی ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں پاکستان میں 4065 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ روس دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اس سے زیادہ 8 ہزار 536 نئے کیسز سامنے آئے۔ میکسیکو میں 3891، امریکہ میں 3652 جب کہ ایران میں 3134 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس وقت پاکستان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی کل تعداد 80 ہزار 984 ہے جب کہ 1698 لوگ اس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
مزیدخبریں