پنجاب حکومت کا صوبہ بھر میں خراب فلٹریشن پلانٹس فوری طور  پر چلانے کا فیصلہ

11:15 AM, 4 May, 2023

حسن نقوی
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے اضلاع میں خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری مرمت کرکے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں 475 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فعال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے انتظامات کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ہدایات کے مطابق 5 سے 20 مئی کے دوران فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا کام مکمل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بند فلٹریشن پلانٹس کی بحالی پر حکومتی خزانے سے ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوگی۔ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مخیر حضرات کے تعاون سے بحال کیا جائے گا۔ گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کے تمام بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کو 15 دن میں بحال کیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد عام عوام کو پینے کے لیے صاف پانی فراہم کرنا ہے۔ پلانٹس کی بحالی سے تقریباً 40 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو گا۔
مزیدخبریں