غیرقانونی طور پر نیوز و کرنٹ افئیرز پروگرام نشر کرنے کا معاملہ، پیمرا نے ’نیو ٹی وی‘ کا لائسنس معطل کر دیا

03:13 PM, 6 May, 2020

نیا دور
پاکستان الیکڑونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے غیرقانونی طور پر نیوز و کرنٹ افئیرز پروگرام نشر کرنے پر ’ نیو ٹی وی‘ کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا نے ’ نیو ٹی وی‘ کا لائسنس فوری طور پر معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ نیو ٹی وی‘ غیرقانونی طور پر نیوز و کرنٹ افئیرز پروگرام نشر کر رہا تھا جبکہ ’ نیو ٹی وی‘ کو جاری شدہ لائسنس انٹرٹینمنٹ کیٹیگری پر مبنی مواد نشر کرنے کا ہے۔





واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان الیکڑونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نیو ٹی وی کو فوری طور پر غیرقانونی نیوز و کرنٹ افئیرز پر مبنی پروگرام بند کر کے صرف منظور شدہ ’انٹرٹینمنٹ‘ مواد نشر کرنے کا حکم دیا تھا۔

پیمرا کی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ نیو ٹی وی لائسنس میں جاری شدہ انٹرٹینمنٹ کیٹیگری پر مبنی مواد نشر کرے۔

یاد رہے کہ نیو ٹی وی نے پیمرا کے احکامات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینلج کیا ہوا تھا۔ تاہم ہائی کورٹ نے نیو ٹی وی کی اپیل رد کرتے ہوئے پیمرا کے احکامات کو درست قرار دیا تھا۔

پیمرا کے مطابق نیو ٹی وی کو متعدد مرتبہ باورا کرنے کے باوجود وہ مسلسل پیمرا قوانین کی خلاف وزری کرتا رہا۔ اس ضمن میں پیمرا نے کہا کہ اتھارٹی نے متعدد مواقع فراہم کیے کہ وہ صرف منظور شدہ انٹرٹینمنٹ مواد نشر کرے اور نیوز و کرنٹ افئیرز پروگرام بند کر دے لیکن نیو ٹی وی نے پیمرا کے احکامات کو نظر انداز کیا اور مسلسل اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھی۔

گذشتہ دنوں جاری ہونے والے حکم نامے میں اتھارٹی نے نیو ٹی وی پر زور دیا تھا کہ نیوز بند کر کے انٹرٹینمنٹ چلائے۔ پیمرا نے نیو ٹی وی انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چینل کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق تادیبی کارروائی ہو گئی۔

پیمرا نے نیو ٹی وی پر اتھارٹی کے احکامات کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

مزیدخبریں