وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں ان چینی ماہرین جن میں ڈاکٹرز اور چیف نرس شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان تمام تجربات سے آگاہ کیا جو انہیں چین میں اس وبا سے لڑنے کے دوران حاصل ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چینی ماہرین نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہ لاک ڈاون کی ہی حکمت عملی تھی جس نے چین کی کرونا سے نمٹنے میں مدد کی بلکہ یہ ہی وہ ہتھیار تھا جس سے وہ جلد از جلد اس پر قابو پا سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا پر قابو پانے میں وقت کی بہت اہمیت ہے، جو کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم وقت میں کم نقصان کے ساتھ اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چینی ماہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن 28 روز تک بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طبی ماہرین نے وبا سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران لاک ڈاؤن کسی صورت نہ کھولنے کا مشورہ دیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ جس طرح کیسز میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے خدشہ ہے کہ لاک ڈاؤن کھلا تو یہ تعداد یکدم بڑھے گی اور تب ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے لئے ان مرضوں کو سنبھالنا مشکل ہوجائےگا۔
یاد رہے کہ اب تک پاکستان میں کرونا کے 4 ہزار سے زائد مریض ہو چکے ہیں جبکہ پچاس سے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔