Get Alerts

پنجاب کو لاک ڈاؤن میں 28 روز کی توسیع،سندھ کو بھی لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا مشورہ

پنجاب کو لاک ڈاؤن میں 28 روز کی توسیع،سندھ کو بھی لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا مشورہ
ملک میں آئے روز کرونا سے متعلق بحث اس نکتے پر گھومتی ہے کہ آیا لاک ڈاؤن  مزید چلنا چاہئے یا نہیں ؟ ویسے تو پاکستان اور خصوصی طور پر پنجاب میں برائے نام ہی لاک ڈاؤن رہا ہے تاہم پھر بھی معمولات زندگی متاثر ہیں اور شاید اب سب اس لاک ڈاؤن سے تنگ بھی ہیں۔ تاہم ایک طرف کرونا کی تباہ کاریوں سے بچنے کا معاملہ ہے تو دوسری طرف معاشی زبوں حالی۔ ایسے میں چین کے چند طبی ماہرین جنہوں نے کرونا کی وبا کے دوران چین میں اس سے نبٹا ہے انہوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ راز و نیاز کئے ہیں اور انہیں اپنے تجربے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات میں ان چینی ماہرین جن میں ڈاکٹرز اور چیف نرس شامل تھے، نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان تمام تجربات سے آگاہ کیا جو انہیں چین میں اس وبا سے لڑنے کے دوران حاصل ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چینی ماہرین نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہ لاک ڈاون کی ہی حکمت عملی تھی جس نے چین کی کرونا سے نمٹنے میں مدد کی بلکہ یہ ہی وہ ہتھیار تھا جس سے وہ جلد از جلد اس پر قابو پا سکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا پر قابو پانے میں وقت کی بہت اہمیت ہے، جو کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے کم وقت میں کم نقصان کے ساتھ اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چینی ماہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے میں کرونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن 28 روز تک بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔ 

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو طبی ماہرین نے وبا سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران لاک ڈاؤن کسی صورت نہ کھولنے کا مشورہ دیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ جس طرح کیسز میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے خدشہ ہے کہ  لاک ڈاؤن کھلا تو یہ تعداد یکدم بڑھے گی اور تب ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے لئے ان  مرضوں کو سنبھالنا مشکل ہوجائےگا۔

یاد رہے کہ اب تک پاکستان میں کرونا کے 4 ہزار سے زائد مریض ہو چکے ہیں جبکہ  پچاس سے زائد جاں بحق ہو چکے ہیں۔