وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے صوبے میں 14 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے صوبے میں 14 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان
کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت پنجاب نے صوبے میں 14 روزہ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کابینہ کمیٹی نے کیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے صوبے میں 14 روزہ جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک 246 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ آج انسداد کرونا ٹیم کا اجلاس ہوا جس کے تحت صوبے میں کرونا وائرس سے متعلق کچھ اہم فیصلے کیے۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 14 دن کے لیے صوبےمیں ڈبل سواری پر بھی پابندی اور جزوی لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل بھی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پنجاب میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی تھی کہ 2 دن تک گھروں میں رہیں اور لوگ اپنے درمیان سماجی فاصلہ رکھیں، سماجی میل جول میں فاصلہ ہی وبا سے بچاو کا بہترین طریقہ ہے۔

وزیراعلی نے پنجاب میں لاک ڈاؤن کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں کو بند کرنے کے بعد سے پارکوں، بازاروں، شاپنگ مالز سمیت عوامی مقامات پر لوگوں کے ہجوم میں اضافہ ہو گیا جس کے پیش نظر حکومت کو لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں رینجرز اور پولیس کی مدد سے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرفیو نہیں کئیر فار یو ہے۔