Get Alerts

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ
صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کرونا وائرس کے کیسز کی شرح اور اموات میں اضافہ ہو رہا ہے، صرف 5 روز میں صوبے میں 2 ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور سمیت پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ ہو گیا ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی کے پہلے 5 روز میں پنجاب میں 2 ہزار 824 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صرف لاہور میں 1618 کیسز سامنے آئے ہیں، رواں ہفتے کے پہلے 5 دن پنجاب میں 37 جبکہ لاہور میں 19 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پنجاب میں روز اوسطاً کیسز کی تعداد 564.8 جبکہ لاہور میں 323.6 رہی، یومیہ اموات کی شرح پنجاب میں 7.4 اور لاہور میں 3.8 ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 60 سے 69 سال کے 35 جبکہ 50 سے 59 سال کے 25 فیصد افراد متاثر ہو رہے ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے 5 دن میں 20 ہزار 701 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں وائرس کے 40 جبکہ لاہور میں 30 فیصد مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے، صوبے بھر سے 4 ہزار 720 جبکہ لاہور میں 15 سو 92 مریض ڈسچارج ہوئے۔

صوبے میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں 22.48 فیصد کیسز خواتین جبکہ 77.52 مرد ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کا بازاروں میں احتیاطی تدابیر کے بغیر جانے سے خواتین کے کیسز میں ممکنہ اضافہ ہوسکتا ہے۔

پروفیسر جاوید اکرام کے مطابق خواتین بازاروں میں غیر ضروری طور پر مت نکلیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں، عید کی شاپنگ کے لیے نکلنے والے افراد وائرس کیریئر بن رہے ہیں۔ ان کے مطابق بلاوجہ نکلنے سے گھر بیٹھے ضعیف اور بیمار افراد بھی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔