مریم نواز کے پاس مزید کتنی ویڈیوز موجود ہیں؟

05:11 PM, 8 Jul, 2019

نیا دور
مریم نواز نے جیو ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس مزید 2 ویڈیوز جبکہ 3 آڈیو ٹیپس موجود ہیں۔

کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک عمرے پر سعودی عرب گئے تھے، وہاں انکی کسی سے گفتگو ہوئی تھی، اس گفتگو کی بھی آڈیو ویڈیو موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ویڈیو کی فرانزک کرا لی ہے، اور انہیں پتہ چل چکا ہے کہ ویڈیو اصلی ہے تبھی اب کہہ رہے ہیں کہ یہ عدلیہ کا معاملہ ہے۔



یاد رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ایک مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ جاری کی تھی جس میں وہ ن لیگ کے کارکن ناصر بٹ کو بتا رہے تھے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ انہوں نے نہیں کیا بلکہ یہ فیصلہ ان سے کروایا گیا ہے۔



گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے ذریعے مریم نواز کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان الزامات کو غلط، جھوٹ اور مفروضوں پر مبنی قرار دیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج کی وضاحت پر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا جج صاحب آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے ویڈیو کی تردید نہیں کی۔

مریم نواز کی جانب سے احتساب عدالت کے جج کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجکماری کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو کا فارنزک آڈٹ ہونا چاہیے۔

 
مزیدخبریں