لاہور میں جماعت احمدیہ کی 1947 سےقبل تعمیر کی گئی عبادت گاہ میں توڑ پھوڑ

لاہور میں جماعت  احمدیہ کی عبادت گاہ کے محراب اور مینار کی مسماری کاواقعہ احمدیہ ہال  کراچی کے چند دن پہلے کے واقعہ  سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ لاہور میں پولیس اپنی نگرانی میں احمدیوں کی عبادتگاہ کے محراب تڑوا رہی ہے جبکہ کراچی میں پولیس نے مشتعل ہجوم کے ہاتھوں احمدیہ ہال کراچی کی مسماری کو روک نہ سکی تاہم اس نے تین شر پسندوں کو موقع سے پکڑا اور اس کا مقدمہ بھی درج کیا۔

06:02 PM, 8 Sep, 2023

نیا دور

جماعت احمدیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے اپنی نگرانی میں احمدیوں کی عبادت گاہ کے محراب کو مسمار کروایا ہے۔

ایک پیغام اور اس کے ساتھ موجود ویڈیوز میں احمدیہ کمیونٹی کا کہنا تھا کہ تقریباً 15 سے 20 پولیس اہلکار احمدیوں کی عبادت گاہ پر پہنچے اور کمیونٹی کے اراکین سے رضاکارانہ طور پر محراب کو گرانے کا مطالبہ کیا۔

کمیونٹی ممبران نے محراب کو گرانے سے انکار کیا اور لاہور ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا  حوالہ دیا جس میں 1984 کے قانون کے نافذ ہونے سے پہلے تعمیر کیے گئے کسی بھی ڈھانچے کو تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔ مزید بتایا گیا کہ زیر بحث عمارت اور ڈھانچہ 1947 سے پہلے تعمیر کیے گئے تھے۔

عدالت کے حکم سے آگاہ کیے جانے کے باوجود پولیس نے عمارت کا  محاصرہ کر لیا اور نامعلوم افراد کو تحفظ فراہم کیا جنہوں نے عمارت کی محراب کو  توڑا۔

ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک سے دو لوگوں نے محراب کو گرایا جبکہ دیگر نے سیمنٹ تیار کیا۔

لاہور میں جماعت  احمدیہ کی عبادت گاہ کے محراب اور مینار کی مسماری کاواقعہ احمدیہ ہال  کراچی کے چند دن پہلے کے واقعہ  سے اس لحاظ سے مختلف ہے کہ لاہور میں پولیس اپنی نگرانی میں احمدیوں کی عبادتگاہ کے محراب تڑوا رہی ہےجبکہ کراچی میں پولیس نے مشتعل ہجوم کے ہاتھوں احمدیہ ہال کراچی کی مسماری کو روک نہ سکی تاہم اس نے تین شر پسندوں کو موقع سے پکڑا اور اس کا مقدمہ بھی درج کیا۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں، ایک تاریخی فیصلے میں، لاہور ہائی کورٹ کے ایک رکنی بینچ نے فیصلہ دیا تھا کہ احمدیہ کمیونٹی کی عبادت گاہوں میں مساجد سے مشابہ تعمیر ات  (محراب اور مینار وغیرہ) جو کہ توہین مذہب کے قانون کے نفاذ سے قبل تعمیر کی گئی ہیں، ان کو زبردستی تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ان کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان کو "جاری جرم" کے طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔

عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت جاری کیا جب اس نے وزیر آباد میں ایک صدی پرانی احمدیوں کی عبادت گاہ کے نگرانوں کی جانب سے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے شہری عرفان الیاس کی شکایت پر نومبر 2022 میں وزیر آباد سٹی پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے بعد ضمانت کی درخواست کی تھی۔

فیصلے کے مطابق، ایک ایف آئی آر توہین رسالت کے قانون کے تحت درج کی گئی تھی، جس میں دفعہ 298-B اور 298-C کا اطلاق احمدیہ کمیونٹی کی جانب سے موتی بازار، وزیر آباد میں مینار کے ساتھ تعمیر کردہ عبادت گاہ پر کیا گیا تھا۔ چونکہ مینار کو ایک تعمیراتی خصوصیت اور اسلام کے لیے مذہبی علامت سمجھا جاتا ہے، اس لیے ایف آئی آر میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ جائیداد بنانے والوں نے توہین رسالت کے قانون کی متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی کی ہے اور "مسلم آبادی کے مذہبی جذبات کی توہین کی ہے جو کہ اہل علاقہ کے لیے درد اور دائمی اذیت کا باعث ہے"۔

مزیدخبریں