عمران خان بھارتی انتخابات میں مودی کی جیت کے خواہاں کیوں؟

11:25 AM, 10 Apr, 2019

نیا دور
اسلام آباد: ایک انٹرویو میں غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر انڈیا کے انتخابات میں مودی پھر سے کامیاب ہو جاتے ہیں تو امن مذاکرات بحال ہونے کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کا کہنا تھا ’اگر کانگرس انتخابات میں کامیاب ہوتی ہے تو شاید وہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کا حل تلاش کرنے میں تھوڑی جھجک کا شکار ہو کیونکہ انھیں دائیں بازو کی جماعتوں کے ردِ عمل کا ڈر ہوگا۔‘تاہم اگر بی جے پی جیت جاتی ہے تو جو کہ خود ایک دائیں بازو کی جماعت ہے تو شاید کشمیر کے معاملے پر کوئی حل تلاش کیا جا سکے۔‘پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انڈیا میں کل (جمعرات) کو انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے مسلمان کبھی وہاں بہت خوش تھے لیکن کئی برسوں سے وہ ہندو انتہا پسند قوم پرستوں کے باعث کافی پریشان ہیں، نریندر مودی بھی اسرائیلی وزیر اعظم کی طرح خوف اور قوم پرست جذبات کی بنیاد پر انتخابات لڑ رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر سے متعلق وزیراعظم کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہوگا اور یہ مسئلہ ابلتا ہوا نہیں رہ سکتا ہے، بھارت کے ساتھ متنازع علاقے کشمیر میں امن خطے کے لیے بہت اچھا ہوگا، جوہری طور پر مسلح ہمسائے اپنے اختلافات کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی حکومتوں کی اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ ہم غربت کو کم کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں، غربت کو کم کرنے کا راستہ یہ ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور دونوں ممالک کے درمیان صرف ایک اختلاف ہے جو کہ کشمیر ہے۔

معاملے پر بھارتی سیاستدانوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔



مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ مودی کے حمایتی عمران خان کے بیان پر ردعمل دینے میں تذبذب کا شکار ہونگے

مزیدخبریں