اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت نے شیخ رشید کو پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے نمٹنے کا ٹاسک دیا ہے اور اس شرط کےساتھ وزارت داخلہ سونپی گئی ہے کہ وہ لاہور میں مریم نواز برینڈڈ پی ڈی ایم کے شو سے لے کر لانگ مارچ تک ہر مرحلے سے نمٹیں گے۔
نیا دور کو لاہور انتظامیہ کے ایک اہم افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں بتایا کہ وزارت داخلہ میں تبدیلی کے بعد اسلام آباد سے ہاٹ لائن طرز پر لاہور پولیس و انتظامیہ کے ساتھ وقفے وقفے سے بریفنگ لی جا رہی ہے جبکہ لاہور کے حلقوں کو اس تبدیلی کی پہلے سے خبر تھی۔
حتیٰ کہ پنجاب حکومت کی وزارت داخلہ اس تمام عمل میں ہیچ اور لا تعلق محسوس ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں سب پہلے سے ہی معلوم تھا کہ احکامات وہی ہیں جو اسلام آباد سے ہیں۔ اب اس میں مزید شدت آچکی ہے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کی دیرینہ خواہش پوری کردی کیونکہ شیخ رشید نے حکومت بنتے ہی وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا تھا جبکہ انکی یہ خواہش پی ڈی ایم کا انتظام کرنے کی شرط سے جڑی ہے۔