شیخ رشید متحرک، پی ڈی ایم جلسے پر توجہ مرکوز: 'پنجاب کی وزارت داخلہ ہیچ اور لاتعلق لگ رہی ہے'

شیخ رشید متحرک، پی ڈی ایم جلسے پر توجہ مرکوز: 'پنجاب کی وزارت داخلہ ہیچ اور لاتعلق لگ رہی ہے'
اس وقت ملک میں سیاسی پارہ ہائی ہے اور لاہور جلسے پر سب کی نظر ہے۔ ایک جانب پی ڈی ایم اور بالخصوص مریم نواز اور ن لیگ کا سارا زور اس جلسے کی کامیابی پرہے تو دوسری جانب عمران حکومت اپنے پاس موجود تمام تر ریاستی و سیاسی وسائل برو کار لاتے ہوئے اس جلسے کو روکنے اور اس میں عوام کی شرکت کو روکنے کے لئے متحرک نظر آر ہی ہے۔ ایک جانب پولیس پر دباؤ ہے تو دوسری جانب سیاسی صف بندیاں جا ری ہیں جبکہ کرونا ایس و پیز کے قوانین کا سیاسی استعمال اس فہرست میں شامل ایک اور ہتھیار ہے۔

اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ حکومت نے شیخ رشید کو پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے نمٹنے کا ٹاسک دیا ہے اور اس شرط کےساتھ وزارت داخلہ سونپی گئی ہے کہ وہ لاہور میں مریم نواز برینڈڈ پی ڈی ایم کے شو سے لے کر لانگ مارچ تک ہر مرحلے سے نمٹیں گے۔

نیا دور کو لاہور انتظامیہ کے ایک اہم افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی صورت میں بتایا کہ وزارت داخلہ میں تبدیلی کے بعد اسلام آباد سے ہاٹ لائن طرز پر لاہور پولیس و انتظامیہ کے ساتھ  وقفے وقفے سے  بریفنگ لی جا رہی ہے جبکہ لاہور کے حلقوں کو اس تبدیلی کی پہلے سے خبر تھی۔ 

حتیٰ کہ پنجاب حکومت کی وزارت داخلہ اس تمام عمل میں ہیچ اور لا تعلق محسوس ہو رہی ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ یہاں سب پہلے سے ہی معلوم تھا کہ احکامات وہی ہیں جو اسلام آباد سے ہیں۔ اب اس میں مزید شدت آچکی ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کی دیرینہ خواہش پوری کردی کیونکہ شیخ رشید نے حکومت بنتے ہی وزارت داخلہ کا قلمدان مانگا تھا جبکہ انکی یہ خواہش پی ڈی ایم کا انتظام کرنے کی شرط سے جڑی ہے۔