مقبوضہ کشمیر کے بغیر پاکستان کا نقشہ نشر کرنے پر پی ٹی وی کے 2 ملازمین برطرف

12:34 PM, 11 Jun, 2020

نیا دور
پاکستان ٹیلی ویژن نے پاکستان کا غلط نقشہ نشریات میں شامل کرنے پر 2 ملازمین کو برطرف کردیا، نقشے میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا تھا۔

پی ٹی وی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی وی نیوز پر 6 جون کو پاکستانی نقشے کی غلط تصویر جاری کرنے پر تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات پر سخت کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی وی کی انتظامیہ نے پیشہ ورانہ کام میں غفلت کے مرتکب ہونے والے 2 ملازمین کو برطرف کر دیا۔



خیال رہے کہ واقعے کو 8 جون کو سینیٹ میں اٹھایا گیا تھا جس کے بعد چیئرمین صادق سنجرانی نے معاملہ قائمہ کمیٹی برئے اطلاعات و نشریات کو بھیج دیا تھا۔

اس واقعے پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی تنقید کی تھی۔ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ شرمناک ہے، ارشد خان دہائیوں سے پی ٹی وی کی سربراہی کر رہے ہیں، لگتا ہے کہ وہ بھول گئے ہیں کہ وہ چیئرمین اور ڈیفکٹو منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ شبلی فراز سے توقع ہے کہ وہ انہیں یہ سکھانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے کہ پاکستان کے لیے کشمیر کا کیا مطلب ہے۔

مزیدخبریں