لاک ڈاؤن اٹھنے کے بعد کیسز میں تیزی: ’عید خوشیوں بھری نہ ہوگی‘، ڈی سی اسلام آباد کی تنبیہ

05:05 PM, 11 May, 2020

نیا دور
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے شہر اقتدار کی عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سماجی دوری پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو عید خوشیوں بھری نہیں ہو گی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن ختم کرنے سے شہر اقتدار میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اسلام آباد میں ( کرونا وائرس کے) 679 (تصدیق شدہ) کیسز ہیں، جن میں سے 76 مریض (ہسپتال میں) داخل ہیں اور 12 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ لاک ڈاؤن تقریباً اٹھا لیا گیا ہے۔ وبا کے پھیلاؤ میں خطرناک تیزی آ رہی ہے، اگر ہم نے آنے والے ہفتوں میں سماجی دوری پر عملدرآمد نہ کیا تو مجھے ڈر ہے کہ عید خوشیوں بھری نہیں ہوگی۔



ڈپٹی کمشنر نے اسلام آباد میں وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے ڈیٹا بھی شئیر کیا جس میں گرافکس کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے تفصیل فراہم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں کرونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی ہے جس سے بازاروں اور سڑکوں پر عوام کا رش ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
مزیدخبریں