ملتان: ریاستی اداروں پر تنقید کا الزام، جاوید ہاشمی کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج

12:01 PM, 14 Jul, 2020

نیا دور
پولیس نے ریاستی اداروں پر تنقید کے الزام میں سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ ن کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

جاوید ہاشمی کے خلاف ملتان کے علاقے تھانہ کینٹ میں 647 نمبر مقدمہ درج کر کے ایف آئی آر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جاوید ہاشمی کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کینٹ سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام نے اس حوالے سے مؤقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری طرف جاوید ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی غلط بات نہیں کی، پانچ بار ملکی آئین کس نے توڑا؟ آئین توڑنے والوں کے خلاف بات کرتا رہوں گا، مجھے جیلوں میں ڈال دیں لیکن ضمانت نہیں کرواؤں گا۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری عسکری قیادت نے اس ملک کو تباہ کر دیا ہے، نہ تم نے ملک بنایا ہے نہ چلا سکتے ہو، اپنے گھروں میں بیٹھو۔

مسلم لیگ کے رہنما نے تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں تمہاری امریکہ کے جرنیلوں سے بڑی ہیں، انڈیا کے جرنیلوں سے دس نہیں سو گنا زیادہ پاکستان کا جرنیل پڑتا ہے، سب کچھ کھا جاتے ہیں، پھر کہتے ہیں ہمارا نام کیوں لیتے ہو، اللہ کے بندوں ہمارا احتساب کرتے ہو، تمہارا احتساب کیوں نہ کریں۔ کیوں چوریاں کرتے ہو، ملک کولوٹتے ہو، 60 سال سے حکومتیں کر رہے ہو اور ملک کو اس حالت تک پہنچایا ہے اب بس کرو۔ 

مزیدخبریں