اسلام آباد، لاپتہ ہونے والی پاکستانی نژاد جرمن لڑکی کا معمہ حل نہ ہو سکا

12:25 PM, 14 May, 2019

نیا دور
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والی پاکستانی نژاد جرمن لڑکی کی گمشدگی کا معمہ اب تک حل نہیں ہو سکا جس کے چچا نے تھانہ آبپارہ میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

تھانہ آبپارہ پولیس نے مغویہ عمیمہ خان کے اغوا کا مقدمہ درج  کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کو مغویہ کے اہلخانہ نے بتایا ہے کہ وہ تین سال قبل جرمنی سے پاکستان آئی اور اپنے چچا کے ساتھ قیام پذیر تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے، لڑکی کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل ڈیٹا سے مدد لی جا رہی ہے جب کہ اس کا لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔



پولیس کے مطابق، 18 سالہ عمیمہ خان گھر سے نکلتے ہوئے یہ پیغام لکھ کر گئی تھی کہ وہ بازار جا رہی ہے اور جلد واپس لوٹ آئے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک میں لڑکیوں کے اغوا کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی میں ایک لڑکی کو اس کی رہائش گاہ کے باہر سے چار نامعلوم مسلح افراد اغوا کر کے لے گئے تھے جس کا اب تک کچھ پتہ نہیں لگ سکا اور پولیس کے مطابق، یہ اغوا برائے تاوان کی واردات ہے۔

رواں برس 26 اپریل کو بھی اغوا کی ایک ایسی ہی واردات ہوئی جب کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کے باہر سے 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا تھا۔



پولیس افسر کے مطابق، اغوا ہونے والی لڑکی میڈیکل چیک اپ کے لیے والدہ کے ہمراہ ہسپتال کے او پی ڈی گئی تھی جہاں سے وہ ادویات خریدنے کے لیے میڈیکل سٹور گئی لیکن واپس نہیں آئی۔

 
مزیدخبریں