”عالمی ادارہ صحت کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے“؛ ٹرمپ کا ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کا اعلان

12:47 PM, 15 Apr, 2020

نیا دور
امریکی صد ر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لیے عالمی ادارہ صحت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس کو دی جانے والی امداد کو روک دینے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کرونا وائرس کے حوالے سے معمول کی بریفنگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی امداد روکنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی انتظامیہ کو ہدایت کر رہا ہوں کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دیں اور ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیں جس نے انتہائی بد انتظامی کی اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپایا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اپنا بنیادی فرض ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ ڈبلیو ایچ او کی نااہلی کی وجہ سے دنیا میں کرونا وائرس کے کیسیز بیس گنا بڑھ گئے۔ دنیا میں ہر طرح کی غلط معلومات پہنچائیں گئیں جس میں معلومات اور ہلاکتوں کے بارے میں غلط اطلاعات شامل تھیں۔ اگر ڈبلیو ایچ او چین میں جا کر اس وبا کا جائزہ لیتا تو زیادہ زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔

امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت پر الزام لگایا کہ اس نے زندگیاں بچانے سے زیادہ سیاسی بنیادوں پر فیصلے کیے اور وبا کے بارے میں چین کے دعوؤں کو ہی تسلیم کیا۔



اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے ڈبلیو ایچ او کو مالی امداد روکنے کے امریکی فیصلے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے اقدامات کرنے کا وقت نہیں ہے۔

انٹونیو گوٹیریس نے ایک بیان میں کہا کہ میرا یہ یقین ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی ہر طرح سے مدد کی جانی چاہیے۔ کیوں کہ ایسا کرنا عالمی برادری کی طرف سے کووڈ انیس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ ڈبلیو ایچ او کو سالانہ 50 کروڑ ڈالر فراہم کرتا ہے جو ادارے کے کل بجٹ کا تقریباً 15 فیصد ہے۔ 
مزیدخبریں