تفصیلات کے مطابق بھارت میں پھنسے پاکستانیوں میں سے 41 شہری وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ تمام پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ پاکستان واپس آنے والے شہری بھارت کی مختلف ریاستوں میں ویزہ پر قیام پذیر تھے۔
دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست پر بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستانیوں کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان منتقل کیا۔ پہلے مرحلے میں 41 پاکستانی شہری واہگہ-اٹاری بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچے ہیں۔ 150 کے قریب مزید پاکستانی بھارت میں موجود ہیں جن کی جلد واپسی کا امکان ہے۔
بھارت میں پھنسے پاکستانیوں نے وطن واپسی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستانی شہری نے کہا کہ کورونا کے باعث بارڈر بند ہونے کے باعث بھارت میں پھنس گئے تھے، مشکل وقت میں دونوں ممالک کی حکومتوں نے تعاون کیا، دونوں ممالک میں جو لوگ پھنسے ہیں وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، وطن واپسی کے لیے شور اور بھگدڑ مچانے کی بجائے حکومت کے بتائے گئے طریقہ کار پر عمل کریں۔