بھارت میں پھنسے 41 پاکستانیوں کی واہگہ بارڈر کے رستے وطن واپسی، مزید 150 واپسی کے منتظر

بھارت میں پھنسے 41 پاکستانیوں کی واہگہ بارڈر کے رستے وطن واپسی، مزید 150 واپسی کے منتظر
کرونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن کے باعث ہمسایہ ملک بھارت میں پھنس جانے والے پاکستانیوں میں سے 41 واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے جبکہ باقی 150 شہریوں کی جلد واپسی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں پھنسے پاکستانیوں میں سے 41 شہری وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ تمام پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ پاکستان واپس آنے والے شہری بھارت کی مختلف ریاستوں میں ویزہ پر قیام پذیر تھے۔

دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کی درخواست پر بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستانیوں کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان منتقل کیا۔ پہلے مرحلے میں 41 پاکستانی شہری واہگہ-اٹاری بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچے ہیں۔ 150 کے قریب مزید پاکستانی بھارت میں موجود ہیں جن کی جلد واپسی کا امکان ہے۔

بھارت میں پھنسے پاکستانیوں نے وطن واپسی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستانی شہری نے کہا کہ کورونا کے باعث بارڈر بند ہونے کے باعث بھارت میں پھنس گئے تھے، مشکل وقت میں دونوں ممالک کی حکومتوں نے تعاون کیا، دونوں ممالک میں جو لوگ پھنسے ہیں وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، وطن واپسی کے لیے شور اور بھگدڑ مچانے کی بجائے حکومت کے بتائے گئے طریقہ کار پر عمل کریں۔