’فیصل واوڈا سے وزارت واپس لینے، کسی بھی چینل پر تحریک انصاف کی نمائندگی پر مستقل پابندی لگائے جانے کا فیصلہ‘

10:17 AM, 16 Jan, 2020

نیا دور
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں فوجی بوٹ لانا فیصل واوڈا کو مہنگا پڑ گیا۔

ٹی وی اینکر و صحافی جمیل فاروقی نے انکشاف کیا ہے کہ فیصل واوڈا کی اس حرکت پر ان سے وزارت کا قلمدان واپس لینے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اینکر جمیل فاروقی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے وزارت کا قلمدان واپس لینے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی چینل پر تحریک انصاف کی نمائندگی پر مستقل پابندی لگائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔



واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے کاشف عباسی کے پروگرام آف دی ریکارڈ کے دوران فوجی بوٹ میز پر رکھ کر کہا تھا کہ یہ ہے آج کی جمہوری مسلم لیگ، لیٹ کر چوم کر بوٹ کو عزت دو۔

پروگرام میں فوجی بوٹ لانے پر قمر زمان کائرہ اور جاوید عباسی احتجاجاً پروگرام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد فیصل واوڈا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ نے بھی پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل واوڈا نے فوج جیسے قومی ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے غیراخلاقی حرکت اور ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش پر پروگرام پر 60 دن کی پابندی عائد کی ہے۔



پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے پروگرام کے میزبان کاشف عباسی پر بھی 60 دن کی پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کاشف عباسی نہ صرف اپنے پروگرام آف دی ریکارڈ کی میزبانی کرسکیں گے بلکہ وہ کسی بھی ٹی وی چینل میں مہمان، مبصر یا ماہر کی حیثیت سے بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔
مزیدخبریں