ٹی وی اینکر و صحافی جمیل فاروقی نے انکشاف کیا ہے کہ فیصل واوڈا کی اس حرکت پر ان سے وزارت کا قلمدان واپس لینے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اینکر جمیل فاروقی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے وزارت کا قلمدان واپس لینے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی چینل پر تحریک انصاف کی نمائندگی پر مستقل پابندی لگائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بریکنگ نیوز : وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے وزارت کا قلمدان واپس لینے اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی چینل پر تحریک انصاف کی نمائندگی پر مستقل پابندی لگائے جانے کا فیصلہ ( ذرائع)
— Jameel Farooqui (@FarooquiJameel) January 15, 2020
واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے کاشف عباسی کے پروگرام آف دی ریکارڈ کے دوران فوجی بوٹ میز پر رکھ کر کہا تھا کہ یہ ہے آج کی جمہوری مسلم لیگ، لیٹ کر چوم کر بوٹ کو عزت دو۔
پروگرام میں فوجی بوٹ لانے پر قمر زمان کائرہ اور جاوید عباسی احتجاجاً پروگرام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد فیصل واوڈا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ نے بھی پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصل واوڈا نے فوج جیسے قومی ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
دوسری جانب پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی جانب سے غیراخلاقی حرکت اور ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش پر پروگرام پر 60 دن کی پابندی عائد کی ہے۔
PEMRA Bans programme " OFF THE RECORD" on ARY News for 60 days. pic.twitter.com/TuknaIlzWn
— Report PEMRA (@reportpemra) January 15, 2020
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے پروگرام کے میزبان کاشف عباسی پر بھی 60 دن کی پابندی عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کاشف عباسی نہ صرف اپنے پروگرام آف دی ریکارڈ کی میزبانی کرسکیں گے بلکہ وہ کسی بھی ٹی وی چینل میں مہمان، مبصر یا ماہر کی حیثیت سے بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔