نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں فوجی بوٹ لانے پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا سے استعفے کا مطالبہ سامنے آ گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات حسن مرتضیٰ نے پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ فیصل واوڈا نے فوج جیسے قومی ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے قومی مفاد میں آرمی ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں فوجی بوٹ لانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ان کے عمل پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر فیصل واڈا نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم عمران خان ان کی پروگرام میں بوٹ لے کر جانے کی حرکت سے سخت ناخوش ہیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کی پوری ذمے داری قبول کرتے ہیں لیکن پروگرام میں بوٹ لے کر جانے پر معافی نہیں مانگیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دوبارہ ایسا نہیں کروں گا اور ذمے داری کا مظاہرہ کروں گا۔
البتہ وفاقی وزیر نے پروگرام میں بوٹ لے کر جانے کے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے کسی ادارے کے وقار کو مجروح نہیں کیا اور فوجی بوٹ لے جانے کا مقصد اپوزیشن کے دہرے معیار کو منظر عام پر لانا تھا۔