'شاہ محمود اپنا گروپ بنانا چاہتے تھے، ہم نے انکار کر دیا'، عمران اسماعیل کا  دعویٰ

عمران اسماعیل نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری شاہ محمود قریشی سے جیل میں ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ملاقات ان کی خواہش پر ہوئی تھی۔ ریکارڈ کی درستگی کے لیے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے ان سے کبھی پی ٹی آئی چھوڑنے کی بات نہیں کی۔

12:58 PM, 16 Jan, 2024

نیا دور

سابق گورنر سندھ اور استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر لیڈر عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی اپنا گروپ بنانا چاہتے تھے جس پرہم نے ساتھ دینے سے معذرت کی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے ایک کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا تھا کہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی چھوڑنے والوں نے اڈیالہ جیل میں اُن سے ملاقات کی تھی۔

سابق وزیرخارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران اسماعیل، فواد چوہدری، عامر کیانی اور مولوی محمود ان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آئے اور کہا کہ پارٹی چھوڑ دو،ہم الیکشن لڑیں گے اور آزاد حیثیت میں لڑیں گے۔

شاہ محمود کے اس دعوے کے جواب میں عمران اسماعیل کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں سابق پی ٹی آئی لیڈر نے اس ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری شاہ محمود قریشی سے جیل میں ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ملاقات ان کی خواہش پر ہوئی تھی۔شاہ محمود اپنا گروپ تشکیل دینا چاہتے تھےجس پر ہم نے ساتھ دینے سے معذرت کی لیکن ریکارڈ کی درستگی کے لیے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے ان سے کبھی پی ٹی آئی چھوڑنے کی بات نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملاقات شاہ محمود کی اپنی خواہش پر ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے والے ان اہم رہنماؤں نے شاہ محمود سے یہ ملاقات 31 مئی کو کی تھی۔

اس اہم ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو مستحکم حل کی طرف جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ عوام کو نواز شریف اورآصف زرداری کے سہارے اورنہ ہی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے چھوڑا جاسکتاہے۔ جو کچھ ہوا ہماری اجتماعی ذمہ داری تھی کہ نہ ہوتا۔ بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں