محکمہ اینٹی کرپشن کا فرح گوگی کے گھر پر چھاپہ

09:02 AM, 16 Jul, 2022

نیا دور
اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک کمرشل پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزام میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی العروف فرح گوگی کی لاہور میں رہائشگاہ پر چھاپہ مارا ہے۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک جعلی کمپنی بنا کر فیصل آباد میں کروڑوں روپے کا مہنگا اور کمرشل پلاٹ صرف 8 کروڑ روپے میں حاصل کرنے میں ملوث ہونے پر فرح گوگی کے گھر پر چھاپہ مارنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اے سی ای نے درج کیس میں فرح گوگی، اس کی والدہ بشریٰ خان اور فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کے کچھ افسروں کو نامزد کیا ہے۔ فرح خان گذشتہ تین ماہ سے یو اے ای میں موجود ہیں۔

حکام فرح گوگی اور ان کے خاوند کی جائیدادوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس کیس میں انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد کے 2 اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب احتساب بیورو (نیب) لاہور نے فرح خان کو آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں 20 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ جبکہ نیب نے اس تفتیش میں ان کے شوہر احسن جمیل اور دیگر 18 افراد کو بھی طلب کر رکھا ہے۔
مزیدخبریں