سندھ میں کرونا وائرس بے قابو: مریضوں کی تعداد میں درجنوں کے حساب سے اضافہ

06:13 AM, 16 Mar, 2020

نیا دور
سندھ میں ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے سکھر آنے والے 50 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد کم از کم 94 ہو گئی۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مزید افراد کے ٹیسٹ نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق سندھ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا سے متاثر ہونے والے 2 افراد اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ افراد کو جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی انہیں آئیسولیشن (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔



دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ 76 کیسز میں سے 25 کا تعلق کراچی، ایک کا حیدرآباد سے ہے جبکہ 50 کیسز ایران سے بذریعہ تفتان بارڈر سکھر پہنچنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے۔



واضح رہے کہ 2 روز قبل مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ تفتان بارڈر پر قرنطینہ کیے گئے مجموعی 853 زائرین میں سے 288 کو سکھر منتقل کیا گیا ہے۔ جس میں سے 40 زائرین کے طبی نمونے ٹیسٹ کے لیے کراچی روانہ کیے گئے تھے اور گذشتہ روز ان میں سے 13 نمونے مثبت ثابت ہوئے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والی کووڈ 19 وبا دنیا کے تقریبا 156 ممالک تک پھیل چکی ہے اور اس سے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 56 ہزار 400 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
مزیدخبریں