چیئرمین نیب کے علاوہ کوئی ایک شخص بتائیں جو نیب کی تعریف کرتا ہو: سپریم کورٹ

07:25 AM, 17 Dec, 2020

نیا دور

سپریم کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ضمانت کی درخواست پر ریمارکس دیے کہ چیئرمین نیب کے سوا کوئی ایک شخص بتائیں جو نیب کی تعریف کرتا ہو۔


سپریم کورٹ اسلام آباد میں جعلی بینک اکاونٹس کیس میں ڈاکٹر ڈنشا اور جمیل بلوچ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیےکہ عدالت موجودہ کیس میں نیب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، 20 ماہ سے ایک بندہ جیل میں ہے جب کہ مرکزی کردار آزاد گھوم رہے ہیں۔


جسٹس عمر عطا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیب کی وجہ سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے، جاپان میں احتساب اور قانون کی بالادستی ہمارے لیے ایک مثال ہے۔


عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کیا کہ ایک بڑے آدمی کو موٹروے پر گرفتار کرلیا جاتا ہے جیسے وہ کہیں بھاگ جائےگا، چیئرمین نیب اور آپ کے سوا ایک شخص بتائیں جو نیب کی تعریف کرتاہو۔جسٹس عمر عطا کا کہنا تھا کہ عوامی عہدہ رکھنے والوں کا احتساب ہر صورت ہونا چاہیے لیکن  نیب اپنے قانون کا اطلاق سب پر یکساں نہیں کررہا۔

مزیدخبریں