پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو سال کے تھے جب سے احتساب کے نام پر انتقام ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام مقدمات جن میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو صاحبہ کو نامزد کیا گیا، ایک ایک کر کے ان میں ان کو بری کر دیا گیا لیکن افسوس کہ وہ یہ دن دیکھنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج تھوڑی بہت جو جمہوریت موجود ہے، اس میں پیپلز پارٹی کے لیڈرز اور کارکنان کی قربانیوں کا کردار سب سے اہم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کی کل جماعتی کانفرنس کے بعد چند روز میں پیپلز پارٹی بھی ایک کل جماعتی کانفرنس کی میزبانی کرے گی اور اس میں انہیں امید ہے کہ تمام اپوزیشن اکٹھی ہو کر پہلے پارلیمنٹ کو اور پھر ملک کو آزاد کروانے کے حوالے سے فیصلے کرے گی۔ شہباز شریف نے بھی اس کانفرنس کو پری آل پارٹیز کانفرنس قرار دیا۔