کلبھوشن کیس: پاکستان اب کیا کرے گا؟ وزیراعظم نے اعلان کردیا

08:41 AM, 18 Jul, 2019

نیا دور
وزیر اعظم عمران خان نے کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، عدالت نے بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادیو کو رہا یا بھارت کے حوالے نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کلبھوشن یادیو کی بریت، رہائی اور بھارت کو حوالگی کی استدعا مسترد کردی گئی، وہ پاکستانی عوام کیخلاف جرائم کا ذمہ دار ہے، پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔


بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو خوش آئند کہا ہے اور بھارت کی فتح قرار دیا ہے۔


بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی اپنی ٹویٹ میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو بھارت کی بڑی جیت قرار دیا۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے کی بھارتی درخواست کو مسترد کردیا تھا، جبکہ پاکستان کو فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے کی ہدایت کی تھی۔
مزیدخبریں