کلوروکوئن دوا کے کرونا وائرس کے علاج میں معاون ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد سے ملک کے بڑے شہروں کے میڈیکل سٹورز سے کلوروکوئن دوا غائب ہو گئی ہے۔ کسی بھی میڈیکل سٹور پر کلوروکوئن دوا نہیں مل رہی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ادویات بنانے والی پانچ بڑی کمپنیاں اس دوا کو تیار کرتی ہیں اور 2 دن قبل یہ دوا وافر مقدار میں ملک کے تمام میڈیکل سٹور پر آسانی سے دستیاب تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کی خبروں کے ساتھ ہی بحرانوں کا آغاز ہو گیا۔ پہلے مرحلے میں ملک سے چہرے کے ماسک اور ہینڈ سینٹائزرز غائب ہوئے۔ جب کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ شروع ہوا تو کفن کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا اور تجہیز تکفین کا سامان بھی مہنگا ہو گیا۔ اور اب کرونا وائرس کے ممکنا علاج کی دوا بھی نایاب ہو گئی ہے۔