نیب نے نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کیخلاف کرپشن کیسز بحال کردیے

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر آصف علی زرداری، نواز شریف، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر سیاست دونوں کے خلاف 80 کیسز بحال کردیے گئے ہیں۔اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھولا جارہا ہے۔

06:20 PM, 20 Sep, 2023

نیا دور

قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے خلاف 80 کرپشن کیسز بحال کر دیے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد کو خط بھی لکھ دیا جس کے بعد کل کیسز کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر آصف علی زرداری، نواز شریف، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر سیاست دونوں کے خلاف 80 کیسز بحال کردیے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھولا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس  جبکہ نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بھی بحال ہوگئے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نیب فہرست کے حساب سے کل ریکارڈ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ 15 ستمبر کو سابق چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ نے عمران خان کی درخواست پر نیب ترامیم کو کالعدم دے دیا تھا۔

عدالت نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیا جس کے بعد مختلف سیاستدانوں کے خلاف نیب کے مقدمات بحال ہوئے ہیں۔

سپریم کورٹ نے پلی بارگین سے متعلق ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے ہوئے نیب کو 7 دن میں ریکارڈ متعلقہ عدالتوں کو بھیجنے کا حکم دے رکھا ہے۔

مزیدخبریں