عمران خان کا دورہ امریکا دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا موقع ہے، وائٹ ہاوس

06:09 AM, 21 Jul, 2019

نیا دور
وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورہ پر امریکا پہنچ گئے ہیں، ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ تعاون اور پائیدار شراکت داری کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ہے، امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورہ پر امریکا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی رہائشگاہ پاکستان ہاؤس میں قیام کریں گے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے عمران خان کے دورہ امریکا کو دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کا موقع قرار دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا دورہ تعاون اور پائیدار شراکت داری کو مستحکم بنانے کا ایک موقع ہے، امریکا پاکستان کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

امریکی انتظامیہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت کی بحالی کا اشارہ بھی دیا ہے، سینیئر حکام کا کہنا ہے کہ اگر اسلام آباد اپنی پالیسیوں میں کچھ تبدیلیاں کرتا ہے تو پاکستان کو ملنے والی سیکیورٹی معاونت کی معطلی کے فیصلے پر امریکا نظر ثانی کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتطامیہ نے پاکستان کو سیکیورٹی معاونت جنوری 2018 میں معطل کی تھی جس کے بعد سے پہلی مرتبہ امریکی حکام نے اس کی بحالی پر بات کی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاونت کی معطلی کے خاتمے کے چند شرائط ہوں گی۔

عمران خان 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس پہنچیں گے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرائیں گے۔ اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو گی۔ عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔ بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔



یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کیلئے کمرشل فلائٹ سے براستہ دوحا واشنگٹن کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
مزیدخبریں