کرونا سے متعلق بڑی خوشخبری: کراچی میں 72 افراد کے ٹیسٹ منفی آ گئے

01:24 PM, 21 Mar, 2020

نیا دور
دنیا بھر کو متاثر کرنے والا کرونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 666 ہو گئی ہے، جس میں سندھ کے 357، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 27، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 30 اور آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔

اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے۔ آج (ہفتہ) کے روز صوبے میں اب تک مزید 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں مزید 15 کیسز سامنے آئے۔ بعد ازاں محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے صوبے میں مزید نئے 90 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد تعداد 357 تک جا پہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے واپسی آنے والے زائرین میں نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور ان تمام افراد کو سکھر میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

جہاں سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں تو وہیں دوسری طرف اس وائرس سے متاثرہ افراد کی صحتیابی کے حوالے سے بھی مثبت اور حوصلہ افزا خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اس حوالے سے بتایا کہ کراچی میں 72 لوگ جن میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اب ان تمام افراد میں کرونا کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ 

مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ ان تمام لوگوں نے سماجی دوری اپنائی اور خود کو قرنطینہ کیا، جس کے نتائج آپ کے سامنے ہیں۔ تمام شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں