’’وزیراعظم عمران خان نے بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کر لیا‘‘

07:47 AM, 22 Nov, 2019

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر نے لکھا کہ وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے ایسے غریب اور بیمار قیدی جو کسی گھناؤنے جرم کے مرتکب نہیں، ان کو رہا کرنے کی پالیسی بنائی جائے۔



اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ یہ ایک اور قدم ہے ایک ایسے پاکستان کی طرف جس میں حکومت کی اولین ترجیح ملک کا کمزور طبقہ ہے نہ کے طاقتور اور دولتمند افراد۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیرون ملک جانے کے بعد مختلف طبقات کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آ رہا تھا کہ جب حکومت ایک سزا یافتہ مجرم کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے سکتی ہے تو جیل میں دیگر بیمار قیدیوں کو بھی ان کی مرضی کے مطابق علاج کی اجازت دی جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملک بھر کی جیلوں میں قید بیمار قیدیوں کی سزا معاف کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔

انہوں نے صدر کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا تھا کہ ایک مجرم ملک سے باہر جاسکتا ہے تو باقی غریبوں کو بھی معاف کیا جائے اور پاکستانی جیلوں میں قید بیماروں کی سزا معاف کی جائے۔
مزیدخبریں