علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ تیل مہنگا ہو رہا ہے، ڈیزل مہنگا ہو رہا ہے، بجلی مہنگی ہو رہی ہے، مہنگائی ہو رہی ہے، یہ سب اِن کے لیے ہوئے قرضوں کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ سے جن کو فائدہ ہو رہا ہے وہ بھی ہمارے ہی بھائی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پچھلے سال ملک میں آلو 5 روپے فی کلو تک ہو گئے تھے، آلو سستے ہونے سے ہمارے کسانوں کو کتنا بڑا نقصان ہوا۔ ملک میں ٹماٹروں کی بڑھتی قیمت کے حوالے سے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ٹماٹر اگانے والے بھی ہمارے ہی کسان ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے یہ بھی کہا کہ اگلے برس جون تک مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔