وزیراعظم کا میانوالی میں شجر کاری مہم کا افتتاح، ہیلی پیڈ بنانے کے لیے درجنوں درخت کاٹ دیے گئے

12:44 PM, 24 Feb, 2020

نیا دور
ایک طرف شجر کاری مہم کا آغاز تو دوسری طرف پہلے سے لگے پودے کاٹے جانے کا انکشاف، وزیراعظم کی میانوالی میں آمد پر ہیلی پیڈ بنانے کے لیے درجنوں درخت کاٹ دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز کندیاں میں 10 بلین سونامی ٹریز شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس حوالے سے خبر سامنے آئی ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے ایک پودا لگانے کے لیے کئی درخت کاٹے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ میانوالی انتظامیہ نے سٹیج، پارکنگ اور ہیلی پیڈ کے لیے درختوں اور پودوں کو کاٹا۔ اس کے علاوہ راستے میں جتنے بھی پودے آ رہے تھے انہیں بھی اُکھیڑ دیا گیا۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی حکمت عملی کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم کی جانب سے شجر کاری مہم کا افتتاح کیا جا رہا ہے جب کہ دوسری جانب درختوں کو کاٹا جا رہا ہے۔



دوسری جانب شہر اقتدار میں بھی درختوں کا قتل عام جاری ہے، سرکاری محکموں کی جانب سے درخت کاٹ کر پیچنے کا انکشاف ہوا ہے۔ راول ڈیم کالونی سے دن دیہاڑے سیکڑوں درخت کاٹ دیے گئے ہیں جبکہ سمال ڈیمز افسران نے بھی بغیر منظوری کے درخت کاٹ کر بیچ دیے ہیں۔ درختوں کی کٹائی پر میٹرو پولیٹن اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مزیدخبریں