جمعہ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اورقوم کے جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہر جماعت کو احتجاج کا حق ہے مگر یہ احتجاج پرامن ہونا چاہیے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر اب لوگ باہر نہیں نکلیں گے۔ لوگ اس کی جھوٹی اور گمراہ کن سیاست کو جان چکے ہیں۔ قانون کو ملحوظ نہ رکھا تو عمران خان مجھے اٹک پل پار کر کے دکھائے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو آلودہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس سے ان کی تربیت کا پتہ چلتا ہے۔ 20 سال تک وہ ورلڈ کپ کو لے کر گھومتا رہا۔ اب ایک جھوٹ پر مبنی خط کو لے کر 20 سال گھومے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن اب عوام اس کے اصل چہرے کو پہچان چکی ہے۔ ہم کسی کے خلاف سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے لیکن اداروں کو گالم گلوچ کرنے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔