Get Alerts

عمران خان سیکیورٹی رسک، گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا چاہیے: رانا ثناء اللہ

عمران خان سیکیورٹی رسک، گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا چاہیے: رانا ثناء اللہ
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست کو آلودہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اسے گرفتار کرکے جیل میں ڈالنا چاہیے۔ یہ ملک میں انارکی پھیلا رہا ہے اور قوم کے لئے سیکورٹی رسک بنا ہوا ہے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اورقوم کے جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہر جماعت کو احتجاج کا حق ہے مگر یہ احتجاج پرامن ہونا چاہیے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر اب لوگ باہر نہیں نکلیں گے۔ لوگ اس کی جھوٹی اور گمراہ کن سیاست کو جان چکے ہیں۔ قانون کو ملحوظ نہ رکھا تو عمران خان مجھے اٹک پل پار کر کے دکھائے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو آلودہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اس سے ان کی تربیت کا پتہ چلتا ہے۔ 20 سال تک وہ ورلڈ کپ کو لے کر گھومتا رہا۔ اب ایک جھوٹ پر مبنی خط کو لے کر 20 سال گھومے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لیکن اب عوام اس کے اصل چہرے کو پہچان چکی ہے۔ ہم کسی کے خلاف سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے لیکن اداروں کو گالم گلوچ کرنے والوں کو کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔