Get Alerts

رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، عمران خان





گزشتہ روز لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کو گرفتار کیا تھا۔ آج رانا ثناء اللہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ن لیگی رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت بے نامی جائیدادوں کی ضابطگی کل رات 12 کے بعد سے شروع ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کا نیا ماسٹر پلان ایک ماہ میں بنانے کی ہدایت کی جبکہ سی ڈی اے کی کارکردگی پر حکام کی سرزنش بھی کی اور کہا کہ کیا دنیا میں ایسا کوئی ادارہ ہے جو زمینیں بیچ کر عملے کو تنخواہیں ادا کرے؟

وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ ملکی ہوائی اڈوں پر جنگی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ائیرپورٹس پر تارکین وطن کیساتھ عزت واحترام سے پیش آیا جائے۔ ائیر پورٹ پر متعین عملے کے رویے میں تبدیلی لائی جائے، ، اس پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

عمران خان نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان کی گرفتاری سیاسی نہیں بلکہ قانونی معاملہ ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔