دورہ امریکہ: عمران خان کا لباس اور ڈیزائنرز کے جھوٹے دعوے

08:44 AM, 25 Jul, 2019

نیا دور
وزیراعظم کا دورہ امریکہ تو ختم ہو گیا لیکن اس دورے کو لے کر نئی نئی خبریں سامنے آ رہی ہیں، ایسی ہی کچھ افواہیں دورہ امریکہ کے دوران وزیراعظم کے پُروقار لباس کے حوالے سے بھی پھیل رہی تھیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پاکستان کے مختلف ڈیزائنر کو وزیراعظم کے شاندار لباس کا کریڈٹ دیا جارہا تھا۔

افواہوں کے اس بازار میں کوئی صداقت نہیں اس بات کا انکشاف وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ زلفی بخاری نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران زیب تن کیے جانے والے لباس کا کریڈٹ لینے والے ڈیزائنرز کے دعوے جھوٹے ہیں، وزیراعظم نے کبھی ڈیزائنر کپڑوں میں دلچسپی نہیں لی۔

زلفی بخاری نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی سادہ شلوار قمیض کے بارے میں کیے جانے والے دعوے غلط ہیں کیونکہ خاتون اول بشریٰ بی بی خود عمران خان کے لئے کپڑے خریدتی ہیں اور مقامی درزی سے سلواتی ہیں۔ لہذا وہ تمام لوگ جو وزیراعظم کے لباس کا کریڈٹ لے رہے ہیں وہ نہ صرف جھوٹے ہیں بلکہ دھوکے باز بھی ہیں۔



خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے دوران زیب تن کیے جانے والے لباس کے خوب چرچے رہے، اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نے گہرے نیلے رنگ کی شلوار قمیض اور ہم رنگ ویسٹ کوٹ زیب تن کیا تھا۔ اس لباس میں ان کی امریکی صدر ٹرمپ اورخاتون اول کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

لباس کی اس مقبولیت کا فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف لوگوں نے وزیراعظم کا لباس ڈیزائن کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
مزیدخبریں