صحافی عمران ریاض 4 ماہ سے زائد عرصے بعد بازیاب ہوگئے

وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ مشکلات کے انبار، معاملہ فہمی کی آخری حد، کمزور عدلیہ و موجودہ غیر موثر سر عام آئین و قانونی بے بسی کی وجہ سے بہت زیادہ وقت لگا۔ ناقابل بیان حالات کے باوجود اللہ رب العزت نے یہ بہترین دن دکھایا اس وقت صرف بے پناہ شکر۔

11:38 AM, 25 Sep, 2023

نیا دور

پاکستانی صحافی اور یوٹیوبر عمران ریاض 4 ماہ بعد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تصدیق کی ہے کہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے لاپتا صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض خان بحفاظت بازیاب ہو گئے ہیں اور اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔

سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) حسن اقبال اور عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔

ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں سیالکوٹ پولیس نے کہا کہ صحافی/اینکر پرسن عمران ریاض خان کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔ اب وہ اپنے گھر پہنچ چکے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

عمران ریاض کے وکیل میاں علی اشفاق نے ٹویٹر پر عمران ریاض کی رہائی کی خوشخبری سناتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ اللہ کے خاص فضل، کرم و رحمت سے اپنے شہزادے کو پھر لے آیا ہوں۔مشکلات کے انبار، معاملہ فہمی کی آخری حد، کمزور عدلیہ و موجودہ غیر موثر سر عام آئین و قانونی بے بسی کی وجہ سے بہت زیادہ وقت لگا۔ ناقابل بیان حالات کے باوجود اللہ رب العزت نے یہ بہترین دن دکھایا اس وقت صرف بے پناہ شکر۔

علاوہ ازیں، صحافی وجاہت ایس خان نے کہا کہ انہوں نے عمران ریاض کے اہل خانہ سے بات کی ہے۔ وہ فی الحال کمزور ہیں اور اُن کی صحت بہتر نہیں ہے لیکن وہ واپس آگئے ہیں۔

خیال رہے کہ مختلف ٹی وی چینلز پر اپنا تجزیہ اور ٹاک شو پیش کرنے والے عمران ریاض خان طویل عرصے سے یوٹیوب اور ٹی وی سکرین سے غائب رہے ہیں۔ ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ عمران ریاض اس وقت اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی ٹیم نے رواں برس فروری کے دوران ہی عمران ریاض کو لاہور سے دبئی جانے سے قبل متنازعہ بیان دینے کے الزام میں ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔

قبل ازیں جولائی 2022 میں بھی امیگریشن حکام ضمانت پر رہائی پانے والے اینکر عمران ریاض خان کو دبئی جانے سے قبل آف لوڈ کیا تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کو بلیک لسٹ ہونے پر آف لوڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں