فیصل واؤڈا کی مبشر زیدی کو جوتا مارنے کی دھمکی، صحافی اسد علی طور سے گالم گلوچ

01:53 PM, 26 Aug, 2020

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما و وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی سوشل میڈیا پر سینئیر صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی، مبشر زیدی کو جوتا مارنے کی دھمکی جبکہ صحافی اسد علی طور سے گالم گلوچ کی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صحافی مبشر زیدی کی ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جب (جوتا) ملے گا تو آپ کو پڑے گا بھی، تب آپ کو پتہ بھی چل جائے گا۔



وفاقی وزیر کے اس ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ایک صحافی کو دھمکانے پر مذمت بھی کی گئی۔

دوسری جانب صحافی اسد علی طور سے بدتمیزی کرتے ہوئے بھی وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے تمام حدیں پار کر دیں، صحافی اسد علی طور کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ تُو وہی تھرڈ کلاس آدمی ہے نا جو مجھے ہر وقت اپنے شو پہ بلاتا ہے اور میں نہیں آتا۔ تُو بالکل ٹھیک کہہ رہا ہے۔ جا۔ جا کے نہا، شاید تیری تھوڑی غلاظت کم ہو جائے۔



جس پر صحافی اسد علی طور نے لکھا کہ میرے شو میں ہر سیاسی جماعت کے بندے کو بلاتفریق دعوت دی جاتی ہے، اپوزیشن سے بھی اور حکومت سے بھی۔ چور کو بھی اور مومن کو بھی۔ گھٹیا نودلتیے کو بھی اور باحیثیت صاحبِ ظرف کو بھی۔ آپ کی گھٹیا زبان میرے شو کا میرٹ نہیں، آپ کی اوقات بتاتی ہے۔

اس ٹویٹ کے جواب میں  وفاقی وزیر نے لکھا کہ تُو نے یہ تو مانا نہ کہ تُو مجھے بلاتا تھا، تیری تکلیف میں سمجھتا ہوں۔ تیری اوقات تو صرف پانچ ہزار کا لفافہ ہے پورا میڈیا جانتا ہے۔ تیرا پروگرام؟ بیچارے۔ اپنی اوقات اور قد سے بڑی بات نہ کر۔ تیری اصلیت سے سب واقف ہیں۔



وفاقی وزیر کے اس الزام پر جواب دیتے ہوئے اسد علی طور نے ٹویٹ کیا کہ لعنت اُس شخص پر، اُس کے ماں باپ پر جس نے آج تک ایک روپیہ بھی حرام کمایا ہو، کوئی لفافہ لیا ہو، بیرونِ مُلک جائیدادیں بنائی ہوں، دُہری شہریت رکھی ہو نو دولتیا ہو، حرام راستے سے کوئی بھی عہدہ قبول کیا ہو۔ اور میرا شو کیسا رہا وہ آپ کی اور آپ کے ساتھیوں کی چیخیں بتا رہی شکوے سُنے ہیں۔

مزیدخبریں