فیصل آباد: دو بہنوں سے اغواء کے بعد اجتماعی زیادتی، ملزمان ویڈیوز بھی بناتے رہے

08:05 AM, 26 Oct, 2020

نیا دور

فیصل آباد کے نواحی علاقے میں دو بہنوں کو اغواء کرکے انہیں مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ مقدمہ متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں بیٹیوں کو 11 ستمبر کو گھر سے اغواء کیا گیا اور نشہ آور مشروب پلا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا یا گیا۔


ایف آئی آر کے متن کے مطابق تین ملزمان نے بڑی بہن کو فیصل آباد کے ایک مکان میں رکھ کر جب کہ دو ملزمان نے چھوٹی بہن کو گوجرانوالا لے جا کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بناتے رہے۔


لڑکیوں کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بالائی منزل پر رہائش پذیر افراد نے دونوں بہنوں کے اغواء میں مدد کی۔ پولیس نے لڑکیوں کے اغواء اور مبینہ زیادتی میں ملوث ہونے کے الزام میں 3 خواتین سمیت 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ترجمان منیب احسن کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے جب کہ رپورٹ آنے پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔


 پولیس کے مطابق دونوں لڑکیاں 11 ستمبر کو اغوا ہوئیں اور اہل خانہ نے کارروائی کیلئے چند روز قبل درخواست دی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

مزیدخبریں