تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی کا دورہ کرنے والے 5 رکنی وفد نے اپنی رپورٹ جاری کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا 17 سے 21 ستمبر کے دوران انہوں نے کشمیر کے جن تین اضلاع کے اکیاون دیہات کا دورہ کیا، وہاں کے ہر گھر سے کسی نہ کسی نوجوان کو فوج اٹھا کر لے گئی ہے۔ اس وفد کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کشمیر میں 13 ہزار سے زائد نوجوان لاپتہ ہیں۔
اس پانچ رکنی وفد میں بھارتی پلاننگ کمیشن کی سابق رکن اور سماجی کارکن سعیدہ حمید کی صدارت میں نیشنل فیڈریشن آف انڈین وویمن کی جنرل سکریٹری عینی راجا، انجمن ترقی پسند خواتین کی جنرل سکریٹری پونم کوشک، پنجاب یونیورسٹی کی سابق پروفیسر کنول جیت کور اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی ریسرچ اسکالر اور سماجی کارکن پنکھڑی ظہیر شامل تھیں۔