وزیر اعظم سے متعلق خبر، پیمرا کا نجی ٹی وی چینل اور اینکر نجم سیٹھی کو معافی نشر کرنیکا حکم

11:01 AM, 27 Apr, 2019

نیا دور
اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پروگرام " نجم سیٹھی کے ساتھ" میں وزیراعظم پاکستان سے متعلق جھوٹی خبرنشرکرنے کی شکایت پر چینل 24اور اینکرکو سات یوم کے اندر معافی نشر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

مزید برآں پیمرا نے چینل 24کو سات یوم کے اندر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

 اس حوالے سے میسرز بابر اعوان اینڈ ایسوسی ایٹس کے ذریعے دائر کردہ وزیراعظم عمران خان کی شکایت پر پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد نے اپنے 24اپریل 2019ءکو منعقدہ 59ویں اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا (پروگرام و اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015ء کی شق 18کے تحت معافی نشر کرنے کی سفارشات دیں تھیں ۔

احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چینل 24کے پروگرام " نجم سیٹھی کے ساتھ" کی نشریات پر 30دن کے لئے پابندی کا اطلاق ہو گا۔

اگر چینل پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد میں جزوی یا مجموعی طور پر ناکام رہا تو اتھارٹی چینل کے لائسنس کی معطلی یا منسوخی کیلئے اقدامات کرے گی ۔

معاملے پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مجھے سنے بغیر فیصلہ دیا گیا جو قابل مذمت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے یہ بھی نہیں بتایا کہ میری کونسی بات انہیں قابل اعتراض لگی، اگر یہ بات درست ہوئی تو کیا دس لاکھ واپس ملے گا؟



چینل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی خبر پر قائم ہیں۔
مزیدخبریں