اسلامی نظریاتی کونسل نے اسلام آباد میں قائم مندر کھولنے کی سفارش کردی

10:52 AM, 28 Oct, 2020

نیا دور
اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی رائے دیتے ہوئے سیدپور میں قائم مندر کھولنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ہندو کمیونٹی کے لیے شمشان گھاٹ کے لیے جگہ فراہم کرنے اور مذہبی تہواروں کے لیے کمیونٹی سینٹر تعمیر کرنے کی اجازت ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق غیر سرکاری عبادت گاہوں کے لیے سرکاری فنڈ مختص کرنے کی حمایت نہیں کی جاسکتی لہذا بطور پاکستانی شہری حکومت ہندو کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے الگ سے رقم مختص کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں ہندو برادری کے لیے مندر کی تعمیر مسئلہ بن گیا تھا جبکہ جامعہ اشرفیہ نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کر دیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کے خلاف درخواست پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ ادھر پرویز خٹک کو مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
مزیدخبریں