پنجاب میں غیر قانونی تعمیرات کے دھندہ میں ملوث سرکاری افسران کے گرد گھیرا تنگ

08:31 AM, 31 Jul, 2023

حسن نقوی
پنجاب بھر میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حکومت کا بڑا اقدام، صوبائی وزیر برائے اطلاعات وبلدیات عامر میر نے محکمہ بلدیات کو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر اطلاعات وبلدیات عامر میر  نے ہدایت دی کہ رشوت لے کر غیر قانونی تعمیرات کروانے والے افسران کی فوری نشاندہی کی جائے۔ جن علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات ثابت ہوں وہاں کے بلڈنگ آفیسرز اور زونل آفیسرز پلاننگ کو فوری بلیک لسٹ کیا جائے۔

صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے دھندے میں ملوث مافیا کے کارندوں کو فوری معطل کیا جائے۔ غیر قانونی تعمیرات کروانے والا مافیا محکمہ بلدیات کی ساکھ پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ غیر قانونی تعمیرات سے ناصرف تجاوزات میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ محصولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات  نے کہا کہ کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی سے محکمے کی ساکھ بہتر ہو گی۔ عوام کا اعتماد بحال ہونے سے محکمہ بلدیات کی وصولیوں میں اضافہ ہو گا۔
مزیدخبریں